کالی کٹ 7/مارچ ( پریس ریلیز)۔ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) کیرلا شاخ کی جانب سے گزشہ 5مارچ2018 کو ریاست کیرلا میں صبح 9.30بجے تا 9.40 پورے 10منٹ کے لیے ٹریفک نظام کو روک کر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے اضافے کے خلاف احتجاج درج کیا گیا۔
ایس ڈی پی آئی کے اس احتجاج کو کیرلا کے عوام نے بھر پور ساتھ دیا۔ تروننداپورم میں ریاستی صدر پی ۔ عبدالمجید فیضی نے احتجاجی دھرنے کی قیادت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل پر لگائی جانے والی ایکسائز ڈیوٹی کو اگر کم کردیا جائے گا تو اس سے پٹرول اور ڈیزل کے داموں میں خاطر خواہ کمی آسکتی ہے۔ ایندھن کی بڑھتی قیمتوں سے ملک کے تمام طبقات بالخصوص کسان اور مزدور طبقہ بہت متاثر ہے۔ لہذا ایس ڈی پی آئی کا مطالبہ ہے کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں فوری طور پر پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی کو کم کریں جس سے عوام کو مناسب قیمت پر پٹرول اور ڈیزل دستیاب ہوگا۔